بھارت جانے والی غیر ملکی کارگو پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

کراچی: آذربائیجان سے بھارت جانے والی ایک غیر ملکی کارگو پرواز نے فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
ذرائع کے مطابق، پرواز ZP 4771 آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے بھارت کے شہر چنائے جا رہی تھی۔ یہ پرواز بحیرہ عرب کے اوپر بھارتی فضائی حدود میں تھی جب دورانِ پرواز 31 ہزار فٹ کی بلندی پر طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔
پائلٹ نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور لینڈنگ کی اجازت طلب کی، جو فراہم کر دی گئی۔ بعد ازاں طیارے نے محفوظ انداز میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر لینڈ کیا۔
کارگو طیارے کو ٹرمینل ون پر کھڑا کیا گیا ہے، اور متعلقہ تکنیکی ٹیمیں مسئلے کے معائنے اور مرمت میں مصروف ہیں۔ پرواز سلک وے ایئر لائن سے تعلق رکھتی ہے اور اس میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق طیارے کی لینڈنگ مکمل طور پر محفوظ رہی اور کوئی جانی نقصان یا دیگر نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔









