
پنجاب کے ضلع مانسا میں پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں معروف پنجابی گلوکار ہرمن سدھو زندگی کی بازی ہار گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کی شام اس وقت ہوا جب وہ اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ مانسا–پٹیالہ روڈ پر ایک پیلس کے قریب ان کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی اور ہرمن سدھو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ان کی عمر 37 سال تھی۔
ہرمن سدھو نے اپنے مقبول گانے “پیپر جا پیار” سے شہرت حاصل کی تھی، جبکہ ان کے دیگر معروف گیتوں میں “کوئی چکر نئیں”, “بیبے باپو”, “ببّر شیر”, اور “ملتان VS رشیا” شامل ہیں۔ ان کی دلکش آواز اور سادہ شخصیت نے انہیں مقامی سطح پر بے حد مقبول بنایا۔
ان کی ناگہانی موت نے پنجابی میوزک انڈسٹری اور مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔









