
بھارت کے معروف ریپر اور گلوکار بادشاہ نے اپنی پہلی اہلیہ سے علیحدگی کے کئی سال بعد دوبارہ شادی کرلی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بادشاہ، جن کا اصل نام ادتیہ پرتیک سنگھ سسودیا ہے، نے پنجابی اداکارہ ایشا ریکھی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
ایشا ریکھی کی والدہ پونم ریکھی نے انسٹاگرام پر شادی کی جھلکیاں شیئر کیں، جن میں دونوں کو روایتی رسومات کے دوران خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
تقریب میں بادشاہ نے سبز رنگ کا روایتی لباس اور سنہری پگڑی پہن رکھی تھی، جبکہ دلہن ایشا ریکھی سرخ عروسی جوڑے اور زیورات میں دلکش نظر آئیں۔
مداحوں کی جانب سے جوڑے کو مبارکباد اور نیک خواہشات کے پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق بادشاہ نے اس سے قبل جیسمن مسیح سے شادی کی تھی اور 2020 میں دونوں کی علیحدگی ہوگئی تھی۔ ان کی ایک بیٹی بھی ہے جو اس وقت لندن میں مقیم ہے۔









