بھارتی پنجاب : شدید بارشوں اور سیلاب سے 30 افراد جاں بحق، ہزاروں دیہات زیر آب

بھارتی ریاست پنجاب میں حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث مختلف حادثات میں 30 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ریاست بھر میں جاری بارشوں سے نہ صرف نشیبی علاقے متاثر ہوئے ہیں بلکہ 1400 سے زائد دیہات بھی زیر آب آ چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے 3 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 20 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے درجنوں امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں پناہ، خوراک اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ نے ریاست کے تمام 23 اضلاع کو آفتزدہ قرار دیدیا ہے۔
بارشوں کے باعث دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جس سے تقریباً ایک لاکھ 48 ہزار ایکڑ زرعی اراضی پر کھڑی فصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ کے مطابق یہ سیلاب 1988 کے بعد سے اب تک کا بدترین سیلاب ہے، جس نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ امدادی کام جاری ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں صورت حال تاحال تشویشناک بنی ہوئی ہے۔









