بڑی پارٹی میں پیش آیا واقعہ، اکشے کمار خوف اور پشیمانی میں مبتلا

0
19
بڑی پارٹی میں پیش آیا واقعہ، اکشے کمار خوف اور پشیمانی میں مبتلا

بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے حال ہی میں اپنی زندگی کے ایک ایسے واقعے کا ذکر کیا جسے وہ آج بھی اپنی سب سے بڑی شرمندگی قرار دیتے ہیں۔ تین دہائیوں پر مشتمل کامیاب فلمی سفر کے باوجود ایک موقع ایسا بھی آیا جب وہ خود کو مشکل صورتحال میں گھرا ہوا محسوس کرنے لگے۔
ایک ٹی وی پروگرام کے خصوصی ایپی سوڈ میں گفتگو کرتے ہوئے اکشے کمار نے بتایا کہ ایک بڑی اور باوقار تقریب کے دوران ان کے ایک قریبی دوست کی کسی شخص سے تلخ کلامی ہوگئی۔ ان کے مطابق وہ شخص مسلسل ان کے دوست کو نازیبا الفاظ کہہ رہا تھا۔ اکشے نے کئی بار اسے روکنے اور تنبیہ کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ باز نہ آیا۔
اداکار نے بتایا کہ جب بات حد سے بڑھ گئی اور ان کے دوست کی آنکھوں میں آنسو آگئے تو وہ خود پر قابو نہ رکھ سکے اور اس شخص کو تھپڑ مار دیا، جس سے وہ بے ہوش ہوگیا۔ اس واقعے کے بعد اکشے کمار کو شدید خوف لاحق ہوا کہ کہیں معاملہ مزید نہ بگڑ جائے۔ بعد ازاں اس شخص کو ہوش آگیا تو انہوں نے سکون کا سانس لیا۔
اکشے کمار کا کہنا تھا کہ اگر آج ایسی صورتحال پیش آئے تو وہ مختلف انداز اپنائیں گے اور خاموشی سے وہاں سے چلے جائیں گے۔ ان کے مطابق وہ لمحہ ان کی زندگی کا ایک ایسا واقعہ ہے جسے وہ بدلنا چاہیں گے۔

Leave a reply