بنگلہ دیشی خواتین کرکٹرزکا برقعہ پہن کرکھیلنے کا دعویٰ جھوٹ نکلا

0
18

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں دو خواتین کرکٹرز کو مکمل برقعے میں کرکٹ کے میدان میں کھڑے دکھایا گیا۔ تصویر کے ساتھ دعویٰ کیا گیا کہ یہ بنگلہ دیشی خواتین کھلاڑی ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں برقعہ پہن کر حصہ لیا، اور اسے “پردے کی طاقت” سے تعبیر کیا گیا۔

تصویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے حیرت اور تجسس بھرے تبصرے دیکھنے کو ملے۔ بعض نے اس اقدام کو سراہا، جبکہ کئی لوگوں نے سوال اٹھایا کہ کیا واقعی کسی انٹرنیشنل میچ میں برقعہ پہن کر کھیلنا ممکن ہے؟

تاہم تحقیق سے پتا چلا ہے کہ یہ تصویر حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی یا ایڈٹ کی گئی ہے۔ معتبر ذرائع سے تصدیق ہوئی کہ بنگلہ دیش کی کسی کھلاڑی نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں برقعہ نہیں پہنا۔ میچ کی ویڈیوز اور تصاویر میں تمام کھلاڑی اپنی ٹیم کی رسمی جرسی میں نظر آتی ہیں۔

تصویر کو گوگل کے ’SynthID Detector‘ جیسے ٹولز سے بھی جانچا گیا، جس سے تصدیق ہوئی کہ تصویر ڈیجیٹل طریقے سے تیار کی گئی تھی، اور اسے اصلی تصور کرنا درست نہیں۔

اگرچہ یہ مخصوص تصویر جعلی نکلی، لیکن اس بات کی کئی مثالیں موجود ہیں جہاں مسلم خواتین کھلاڑیوں نے حجاب پہن کر انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لیا۔ اسکاٹ لینڈ کی ابتہا مقصود نے 2024 کے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں حجاب کے ساتھ شرکت کی، اور پاکستانی انڈر 19 کھلاڑی قرۃالعین احسن بھی حجاب کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکی ہیں۔

یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر یا دعووں کی حقیقت جانچنا ضروری ہے، تاکہ غلط فہمیاں اور گمراہ کن معلومات کا سدباب کیا جا سکے۔

Leave a reply