بنوں: پولیس کی بروقت کارروائی سے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

0
138
بنوں: پولیس کی بروقت کارروائی سے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

بنوں کے نواحی علاقے بسیہ خیل میں علی الصبح پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑا دہشت گردانہ منصوبہ ناکام بنا دیا۔ نامعلوم عناصر نے دوا پل کے مرکزی ستون کے ساتھ ایک دیسی ساختہ بم نصب کر رکھا تھا، جو 8 سے 10 کلو بارودی مواد سے تیار کیا گیا تھا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر دھماکا خیز مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا، جس سے پل اور قریبی آبادی کو ممکنہ تباہی سے بچا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ بارودی مواد ایک بالٹی میں بھر کر پل کے ستون کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا۔

علاقہ مکینوں نے پولیس کی بروقت کارروائی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ لوگوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

آر پی او بنوں سجاد خان نے بی ڈی اسکواڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے زیرِ استعمال تنصیبات کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی انتہائی ضروری ہے تاکہ علاقے میں امن اور استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

Leave a reply