بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے ”بائیک اے کاز 2025“ سائیکلنگ ریس کا انعقاد

0
100
بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے ”بائیک اے کاز 2025“ سائیکلنگ ریس کا انعقاد

کراچی: فیصل بینک لمیٹڈ اور پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے بریسٹ کینسر سے متاثرہ خواتین کی مدد اور آگاہی کے لیے ”بائیک اے کاز 2025“ کے عنوان سے سائیکلنگ ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ایونٹ کراچی میں منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

یہ کمیونٹی ایونٹ اپنے دوسرے سال میں داخل ہو چکا ہے اور اس کا مقصد نہ صرف بریسٹ کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے بلکہ مستحق مریضوں کے علاج کے لیے فنڈز بھی جمع کرنا ہے۔ فیصل بینک اور پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن نے اس مہم کے ذریعے سائیکلنگ کمیونٹی اور کارپوریٹ سیکٹر کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے یکجا کیا۔

ایونٹ کا آغاز سندھی مسلم ہاؤسنگ سوسائٹی چوک سے ہوا، جہاں شرکاء نے 5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) تک سفر کیا۔ ریس کے اختتام پر جے پی ایم سی کے سائبر نائف فیسلٹی میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔

پاکستان میں بریسٹ کینسر ایک سنگین مسئلہ ہے، جہاں ہر سال ہزاروں خواتین اس بیماری کا شکار ہوتی ہیں۔ پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے جے پی ایم سی میں ایک جدید تشخیصی و علاجی مرکز قائم کیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان کا پہلا “ویمن بریسٹ کینسر بے” بھی شامل ہوگا۔ یہاں مریضوں کو بغیر کسی دل کو نقصان پہنچائے جدید ریڈی ایشن تھراپی بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔

فیصل بینک کے نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ ادارہ صحت، تعلیم اور فلاح عامہ کے منصوبوں میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور ایسے اقدامات کے ذریعے معاشرتی بہتری کے لیے اپنی ذمہ داری نبھا رہا ہے۔

”بائیک اے کاز 2025“ کو کراچی میں ایک مثبت اور بامقصد سرگرمی کے طور پر سراہا جا رہا ہے، جو نہ صرف متاثرہ خواتین کے لیے امید کا پیغام ہے بلکہ بریسٹ کینسر سے متعلق معاشرتی آگاہی کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہو رہا ہے۔

Leave a reply