برطانیہ نے امریکا کو فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی

0
38
برطانیہ نے امریکا کو فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے لیے برطانیہ کے فوجی اڈوں کے استعمال کی درخواست کی تھی، جسے لندن نے منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ ایران پر ہونے والے کسی بھی حملے میں شریک نہیں ہوگا، لیکن وہ اپنے اتحادی ممالک کے اجتماعی دفاع کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں تقریباً دو لاکھ برطانوی شہری موجود ہیں، جنہیں ایران کی ممکنہ کارروائیوں سے خطرہ لاحق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں خطرے کو کم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ میزائلوں کے ذخیرہ گاہوں یا لانچرز کو نشانہ بنایا جائے، جہاں سے یہ داغے جاتے ہیں۔
کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ایران برطانوی مفادات اور شہریوں کے لیے خطرہ پیدا کر رہا ہے، اور خلیجی ممالک توقع کرتے ہیں کہ برطانیہ زیادہ اقدامات کرے گا۔ تاہم، انہوں نے زور دیا کہ ایران پر حملوں میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے اور تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا خطے اور عالمی مفاد میں ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے واضح کیا کہ امریکا کی درخواست منظور کرنے کا فیصلہ دوستانہ تعلقات، اتحادیوں کے دفاع، اور برطانوی شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کے مطابق کیا گیا ہے۔

Leave a reply