برطانیہ اور فرانس کا گرین لینڈ سے متعلق امریکی بیان پر ردِعمل

0
68
برطانیہ اور فرانس کا گرین لینڈ سے متعلق امریکی بیان پر ردِعمل

برطانیہ اور فرانس نے گرین لینڈ کے بارے میں امریکا کی جانب سے قبضے سے متعلق بیانات کو مسترد کر دیا ہے اور ڈنمارک کے مؤقف کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ گرین لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار وہاں کے عوام اور ڈنمارک کی حکومت کو حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ اس معاملے پر ڈنمارک کے ساتھ کھڑا ہے اور گرین لینڈ کے بارے میں کسی بھی فیصلے میں عوامی رائے کو بنیادی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔
دوسری جانب فرانس نے بھی گرین لینڈ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ فرانسیسی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کسی بھی ملک کی سرحدیں طاقت کے ذریعے تبدیل نہیں کی جا سکتیں۔ ان کے مطابق گرین لینڈ کا تعلق وہاں کے عوام اور ڈنمارک سے ہے اور اس کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ انہی کا حق ہے۔
فرانسیسی ترجمان نے مزید کہا کہ عالمی قوانین کا احترام ضروری ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل اراکین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی مخالفت کریں۔ فرانس ایسے کسی بھی اقدام کی مذمت کرتا ہے جو بین الاقوامی قوانین کے منافی ہو۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماضی میں یہ بیان دیا تھا کہ امریکا کو قومی سلامتی کے تناظر میں گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔

Leave a reply