برطانوی وزیراعظم کا بھارت کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی سے انکار

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے بھارت کیلئے ویزا قوانین میں نرمی سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ موجودہ ویزا پالیسی برقرار رہے گی۔
کیئر اسٹارمر ان دنوں بھارت کے دو روزہ دورے پر ہیں، جہاں ممبئی میں ان کا استقبال گورنر اور وزیراعلیٰ مہاراشٹرا نے کیا۔ ان کے ہمراہ برطانوی تاجروں کا ایک وفد بھی موجود ہے جو مختلف تجارتی امور پر بھارتی حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔
وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات متوقع ہے، جس میں تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر بات چیت ہوگی۔
دورہ بھارت سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیئر اسٹارمر نے واضح کیا کہ برطانیہ بھارت کے ساتھ ویزا معاہدے پر غور نہیں کر رہا اور ویزوں کا معاملہ مجوزہ تجارتی منصوبے کا حصہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ قوانین کے تحت ہی دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھایا جائے گا اور اس دورے کا مقصد صرف تجارتی معاہدے کو فروغ دینا ہے۔