
آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز میں شمولیت کے بعد بتایا کہ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) چھوڑنے کا فیصلہ معاوضے اور وقت کی وجہ سے کیا۔
زمپا نے کہا کہ آئی پی ایل میں مجھے میری مہارت کے مطابق معاوضہ نہیں مل رہا تھا، اور لیگ میں زیادہ وقت دینے کے باوجود مجھے وہ موقع اور قدر نہیں مل رہی تھی جو دیگر کھلاڑیوں کو حاصل تھی۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے آئی پی ایل کھیلنا جاری رکھنے کو مناسب نہیں سمجھا۔
زمپا نے مزید کہا کہ آئی پی ایل چھوڑنے کے بعد وہ کرکٹ سے وقفہ لینے کا سوچ رہے تھے، لیکن اچانک پی ایس ایل کھیلنے کا موقع ملا، جسے انہوں نے قبول کر لیا اور اب وہ اس تجربے کو انجوائے کر رہے ہیں۔
کراچی کنگز کے لیے کھیلتے ہوئے زمپا نے پی ایس ایل کے معیار کی بھی تعریف کی اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کو ایک شاندار بولر قرار دیا، جن کی ہر گیند میں کچھ نہ کچھ خاص ہونے کا احساس ہوتا ہے۔








