
ایپل نے اپنی کم قیمت ای سیریز کے اگلے ماڈل آئی فون 17 ای کی تیاریوں میں تیزی پیدا کر دی ہے، اور توقع کی جارہی ہے کہ یہ فون گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ جدید خصوصیات کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
غیر سرکاری رپورٹس کے مطابق نئے آئی فون میں پہلے سے زیادہ پتلے بیزلز شامل کیے جائیں گے، جبکہ اس میں وہی او ایل ای ڈی ڈسپلے استعمال ہوگا جو آئی فون 14 اور موجودہ آئی فون 16 ای میں موجود ہے۔ اس ڈسپلے کی بڑی مقدار چینی کمپنی BOE فراہم کرے گی، جبکہ سام سنگ ڈسپلے اور ایل جی ڈسپلے بھی سپلائی چین کا حصہ ہوں گی۔
ابتدا میں کہا جارہا تھا کہ آئی فون 17 ای میں ڈائنامک آئی لینڈ موجود نہیں ہوگا، مگر تازہ تجزیوں سے عندیہ ملتا ہے کہ ایپل اس فیچر کو نئے ماڈل میں شامل کرنے کا امکان رکھتا ہے۔ همین فون میں کمپنی کی نئی A19 چپ شامل کیے جانے کی بھی توقع ہے۔ موجودہ آئی فون 16 ای اب بھی نوچ ڈیزائن اور A18 چپ کے ساتھ فروخت ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق پتلے بیزلز شامل کرنا نسبتاً کم خرچ حل ہے، جبکہ ڈائنامک آئی لینڈ جیسے فیچر کے لیے سینسرز کی نئی ترتیب، بہتر ٹرو ڈیپتھ کیمرہ سسٹم اور جدید ماسکنگ ڈیزائن درکار ہوتا ہے، جو عام طور پر ایپل کی کم قیمت ای سیریز حکمتِ عملی سے میل نہیں کھاتا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئی فون 17 ای میں 6.1 انچ کا 60 ہرٹز او ایل ای ڈی پینل دیا جائے گا، جو زیادہ روشن اور بہتر بصری کارکردگی فراہم کرے گا۔
مشہور ٹیک ماہرین، بشمول منگ چی کو، مارک گورمن اور دی ایلیک کا کہنا ہے کہ نیا ماڈل ممکنہ طور پر اگلے سال کے آغاز میں متعارف کرایا جائے گا۔








