
ایپل نے اپنے نئے آئی فون 17، 17 پرو اور 17 پرو میکس ماڈلز میں تیز رفتار چارجنگ کی سہولت متعارف کرائی ہے جو محض 20 منٹ میں 50 فیصد تک بیٹری چارج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اسی طرح آئی فون ایئر ماڈل 30 منٹ میں آدھی بیٹری چارج کرسکے گا۔
تاہم یہ سہولت صارفین کو اضافی خرچ پر دستیاب ہوگی۔ ایپل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تیز چارجنگ صرف اس وقت ممکن ہے جب نیا 40 واٹ ڈائنامک پاور اڈاپٹر استعمال کیا جائے، جو محدود وقت (تقریباً 15 منٹ) تک 60 واٹ تک سپورٹ فراہم کرتا ہے۔ اس چارجر کی قیمت 39 ڈالر رکھی گئی ہے۔
کمپنی نے اس نئے چارجر میں ایڈجسٹ ایبل والٹیج سپلائی (AVS) پروٹوکول شامل کیا ہے، جبکہ پرانے چارجرز میں پروگرام ایبل پاور سپلائی (PPS) پروٹوکول استعمال ہوتا تھا۔ چونکہ عام یو ایس بی چارجرز AVS کو سپورٹ نہیں کرتے، اس لیے موجودہ چارجرز کے ساتھ نئے آئی فونز میں فاسٹ چارجنگ ممکن نہیں ہوگی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نیا چارجر پرانی PPS ٹیکنالوجی والے ڈیوائسز کے لیے زیادہ مؤثر ثابت نہیں ہوگا، یعنی صارفین کو اپنے موجودہ چارجر کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کے بجائے اضافی سرمایہ خرچ کرنا پڑے گا۔








