
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں خراب موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔ خاص طور پر پنجاب اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، جس کیوجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔
ادارے نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور مسلسل بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خطرہ موجود ہے، جس کے نتیجے میں جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور متعلقہ اداروں کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔









