
آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان اور معروف وکٹ کیپر بلے باز ایلیسا ہیلی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف فروری تا مارچ 2026 ہونے والی سیریز ان کا آخری بین الاقوامی ایونٹ ہوگی، جس کے بعد وہ کرکٹ سے کنارہ کش ہو جائیں گی۔
35 سالہ ایلیسا نے یہ اعلان معروف پوڈکاسٹ “والو کاٹ” پر کیا اور بتایا کہ یہ فیصلہ طویل سوچ بچار کے بعد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل انجریز اور ذہنی تھکن کی وجہ سے یہ فیصلہ ناگزیر ہو گیا۔
ایلیسا ہیلی بھارت کے خلاف ٹی20 میچز میں حصہ نہیں لیں گی، کیونکہ ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے وقت کم ہے۔ تاہم، وہ ون ڈے سیریز اور پرتھ میں ہونے والے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گی۔
ایلیسا نے 2010 میں 19 سال کی عمر میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا بین الاقوامی کیریئر شروع کیا۔ اب تک وہ 162 ٹی20، 126 ون ڈے اور 11 ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہیں۔ 2023 میں میگ لیننگ کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایلیسا مستقل کپتان مقرر ہوئیں۔ ان کی قیادت میں آسٹریلیا نے انگلینڈ میں کھیلی گئی ملٹی فارمیٹ ایشز سیریز میں 16-0 سے تاریخی فتح حاصل کی۔
ایلیسا ہیلی کو خواتین کرکٹ کی بہترین وکٹ کیپر میں شمار کیا جاتا ہے اور وہ آسٹریلیا کی آٹھ آئی سی سی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہی ہیں، جن میں چھ ٹی20 اور دو ون ڈے ورلڈ کپ شامل ہیں۔ انہوں نے 2022 کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا کو گولڈ میڈل دلانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
ایلیسا نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جذباتی ضرور ہے، مگر انہیں لگتا ہے کہ یہ وقت صحیح ہے۔ ان کا آخری بین الاقوامی میچ پرتھ میں بھارت کے خلاف 6 سے 9 مارچ کے درمیان ہونے والا واحد ٹیسٹ میچ ہوگا، جہاں وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کیریئر کا اختتام کریں گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا ریٹائرمنٹ کا اعلان ویمنز پریمیئر لیگ 2026 کے حالیہ ڈرافٹ کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا، جس میں وہ بغیر کسی بولی کے رہ گئی تھیں۔ اس سے قبل ایلیسا یوپی واریئرز کی نمائندگی کر چکی ہیں، مگر انجریز کی وجہ سے 2025 سیزن سے باہر رہی تھیں۔









