ایشیا کپ فائنل: دبئی میں سیکیورٹی انتظامات مکمل، شائقین کے لیے اہم ہدایات جاری

0
133
ایشیا کپ فائنل: دبئی میں سیکیورٹی انتظامات مکمل، شائقین کے لیے اہم ہدایات جاری

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے موقع پر دبئی میں سیکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ میچ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹس سکیورٹی کمیٹی اور دبئی پولیس نے شائقین کے لیے خصوصی ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام افراد اسٹیڈیم میں امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کریں اور مقامی قوانین کا احترام کریں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام حفاظتی ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ اسٹیڈیم میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی یا خطرناک سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔

شائقین کے لیے اہم ہدایات:

شائقین سے کہا گیا ہے کہ وہ میچ سے کم از کم تین گھنٹے قبل اسٹیڈیم پہنچیں تاکہ داخلے میں آسانی ہو۔

ہر ٹکٹ صرف ایک بار کے داخلے کے لیے قابل استعمال ہوگا، دوبارہ داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

رضاکاروں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہے۔

گاڑیاں صرف مختص کردہ پارکنگ ایریاز میں پارک کی جائیں، سڑکوں پر گاڑی کھڑی کرنے سے اجتناب برتا جائے۔

ممنوعہ اشیاء کی فہرست:

انتظامیہ نے درج ذیل اشیاء کو اسٹیڈیم لانے پر پابندی عائد کی ہے:

آتش گیر مواد، آتش بازی، لیزر پوائنٹرز اور خطرناک اشیاء

ہتھیار، نوکیلی اشیاء، زہریلے یا ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز

بڑی چھتریاں، کیمرہ ٹرائی پوڈز، سیلفی اسٹکس

غیر منظور شدہ بینرز، سیاسی مواد یا اشتعال انگیز پیغامات

پالتو جانور، سائیکلیں، اسکوٹرز، اور شیشے کی بنی اشیاء

دبئی پولیس نے تمام شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ خوشگوار اور محفوظ ماحول قائم رکھنے میں کردار ادا کریں اور کھیل کو کھیل کے جذبے کے ساتھ دیکھیں۔

Leave a reply