
ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی کی امیدیں زندہ رکھ لی ہیں۔
ابوظبی میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے، جن میں کامندو مینڈس کے 50 رنز نمایاں رہے۔
جواب میں پاکستان نے یہ ہدف 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور اہم 2 پوائنٹس اپنے نام کیے۔
سپر فور کا پوائنٹس ٹیبل
سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم کو تین میچز کھیلنے ہیں اور ٹاپ دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
بھارت: 1 میچ، 2 پوائنٹس
پاکستان: 2 میچز، 2 پوائنٹس
بنگلادیش: 1 میچ، 2 پوائنٹس
سری لنکا: 2 میچز، 0 پوائنٹس
سری لنکا کی مسلسل دو شکستوں کے بعد اس کے فائنل تک رسائی کے امکانات تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔
پاکستان کی فائنل تک رسائی کیسے ممکن ہے؟
پاکستان کے فائنل تک پہنچنے کا آسان ترین راستہ یہ ہے کہ:
پاکستان اپنا آخری میچ بنگلادیش کے خلاف جیتے،
بھارت اپنے باقی دونوں میچز (سری لنکا اور بنگلادیش کے خلاف) جیت جائے۔
اس صورتحال میں بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہوگا، جب کہ پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گا۔
اگر بھارت بنگلادیش یا سری لنکا کے خلاف کسی میچ میں ہار جاتا ہے تو فائنل کی دوڑ نیٹ رن ریٹ تک جا سکتی ہے، جو صورتحال کو مزید دلچسپ بنا دے گی۔









