ایران کی جانب سے پاکستان کو سیلاب متاثرین کی مدد کی پیشکش

پاکستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایران نے پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس دوران ایرانی وزیر نے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ایران، پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کی مدد کے لیے ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
محسن نقوی نے ایرانی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان نہ صرف ہمسائے ہیں بلکہ دکھ سکھ کے ساتھی بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ادارے فیلڈ میں موجود ہیں اور سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔









