ایران نے پہلی بار طویل فاصلے تک مار کرنے والے “سجیل” میزائل کے استعمال کا اعلان کردیا

0
55
ایران نے پہلی بار طویل فاصلے تک مار کرنے والے “سجیل” میزائل کے استعمال کا اعلان کردیا

ایران نے اسرائیل کے خلاف جاری کشیدگی کے دوران ایک نئی فوجی کارروائی کا اعلان کیا ہے جس میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل “سجیل” کو پہلی بار عملی طور پر استعمال کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق حملوں کی تازہ لہر کو “یازہرہ” کا نام دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران خطے میں موجود دشمن کے مختلف اہداف کو میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جن میں مبینہ طور پر فوجی تنصیبات اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز شامل ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ “سجیل” میزائل ٹھوس ایندھن سے چلنے والا اسٹریٹجک بیلسٹک میزائل ہے، جسے کم وقت میں لانچ کیا جا سکتا ہے۔ اندازوں کے مطابق اس کی مار کرنے کی حد تقریباً دو ہزار سے ڈھائی ہزار کلومیٹر تک ہے۔ رفتار کے حوالے سے دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ آواز کی رفتار سے کئی گنا زیادہ تیز ہے۔

عالمی دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق اس رینج کے میزائل خطے کے وسیع علاقوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مختلف رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کے میزائل مشرق وسطیٰ کے علاوہ یورپ، جنوبی روس اور جنوبی ایشیا کے بعض حصوں تک بھی ہدف کو نشانہ بنانے کی حد میں آ سکتے ہیں۔

ایرانی میڈیا میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ “سجیل” کا لفظ اسلامی روایات میں بھی ملتا ہے، جس کا ذکر قرآن مجید کی سورۃ الفیل میں آیا ہے جہاں حملہ آور فوج پر سجیل کے پتھروں کے ذریعے عذاب نازل ہونے کا بیان موجود ہے۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال بدستور تناؤ کا شکار ہے اور عالمی سطح پر اس تنازع کے پھیلاؤ کے خدشات پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply