ایران نے بھارتی شہریوں کیلئے ویزا فری انٹری معطل کر دی

ایران نے بھارتی شہریوں کو دی جانے والی یک طرفہ ویزا فری سہولت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سفری پالیسیوں میں نمایاں تبدیلی کرتے ہوئے تہران نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بھارت کے عام پاسپورٹ رکھنے والے افراد بغیر ویزا ایران میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں ایسے متعدد واقعات سامنے آئے جن میں بھارتی شہریوں کو ملازمت یا کسی تیسرے ملک پہنچانے کے جھانسے میں ایران بلایا گیا، جہاں بعض افراد کے اغوا اور تاوان طلب کیے جانے کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔ انہی صورتحال کے باعث ایران نے ویزا فری سہولت فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق ایرانی حکام نے جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے ویزا فری انٹری کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 نومبر سے بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے تمام مسافروں کو ایران میں داخلے یا ٹرانزٹ کے لیے پیشگی ویزا حاصل کرنا لازمی ہوگا۔









