ایران نے امریکی تجاویز مسترد کر دیں، آبنائے ہرمز پر سخت مؤقف برقرار

0
21
ایران نے امریکی تجاویز مسترد کر دیں، آبنائے ہرمز پر سخت مؤقف برقرار

تہران: ایران نے ثالثوں کے ذریعے موصول ہونے والی امریکا کی نئی تجاویز مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قومی مفادات اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے نائب وزیر برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوران امریکی وفد نے ایسے مطالبات پیش کیے جنہیں ایران کے لیے قبول کرنا ممکن نہیں تھا

کاظم غریب آبادی کے مطابق ایران سفارتی عمل جاری رکھنے کا حامی ہے، لیکن قومی وقار اور بنیادی پالیسیوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے عمان میں ہونے والی حالیہ بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مخالف فریق نے تجارتی جہازوں کے لیے جنوبی بحری راہداری کھلی رکھنے کی تجویز دی تھی، تاہم ایران نے اسے بھی مسترد کر دیا۔

ایرانی نائب وزیر نے کہا کہ مذاکرات کے نتائج کچھ بھی ہوں، ایران اپنی طے شدہ پالیسی پر قائم رہے گا اور آبنائے ہرمز سے متعلق اپنے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

Leave a reply