اپوزیشن اتحاد کا جمعہ سے احتجاج، بانی پی ٹی آئی کے مکمل علاج کا مطالبہ

0
16
اپوزیشن اتحاد کا جمعہ سے احتجاج، بانی پی ٹی آئی کے مکمل علاج کا مطالبہ

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد نے عمران خان سے ملاقات اور ان کے مکمل طبی معائنے تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔
اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں مختلف اپوزیشن جماعتوں کی مرکزی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں محمود خان اچکزئی کی جانب سے سربراہ جے یو آئی فضل الرحمان کو بھی خصوصی دعوت دی گئی۔
اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکا نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ کی نماز کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے پر پرامن دھرنا دیا جائے گا، جو عمران خان سے ملاقات اور ان کے مکمل علاج تک جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اور سینیٹرز کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ادھر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پرامن احتجاج کیا جائے گا اور مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے پارٹی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو ڈی چوک میں احتجاج میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ اڈیالا جیل میں قید عمران خان سے متعلق طبی سہولیات کی رپورٹ بھی سامنے آئی ہے، جس میں ان کی دائیں آنکھ کی بینائی کم ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں آنکھوں کے فوری معائنے اور ذاتی ڈاکٹر سے چیک اپ کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے، جبکہ ماہر ڈاکٹر سے طبی معائنہ کرانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

Leave a reply