اوورسیزکمیشن بل کی منظوری دےدی گئی

ہاٹ لائن نیوز : خیبرپختونخوا اسمبلی نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل اور شکایات کے حل کیلیے اوورسیز کمیشن بل 2024ء کی متفقہ طور پر منظوری دیدی۔
بل کے تحت بیرون ملک مقیم شہریوں کے مسائل کےحل کیلیے کمیشن قائم کیا جائیگا، گریڈ 20 یا اس سے اوپر کے افسر کو کمشنر تعینات کیا جائیگا جب کہ وزیر اعلیٰ اوورسیز کمیشن کے چیئرمین ہونگے۔
صوبائی اسمبلی کےسپیکراوورسیزپاکستانیز کمیشن کیلیے 2 ممبران اسمبلی کا انتخاب کرینگے۔
بل کے تحت کمشنر بیرون ملک مقیم شہریوں کی شکایات کو متعلقہ سرکاری ایجنسی یا ضلعی کمیٹی کو بھیجے گا اور بیرون ملک مقیم شہریوں کی شکایات کا ازالہ نہ ہونیکی صورت میں سرکاری افسران اور اہلکاروں کیخلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کریگا۔
بل کے تحت اوورسیز کمیشن چھ ماہ بعد اپنی رپورٹ پیش کریگا، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ویب سائٹ اور ایپ بنائی جائیگی، سمندر پار پاکستانی ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے کمیشن سے براہ راست رابطہ کر سکیں گے۔








