“اولاد ایک بڑی ذمہ داری ہے، ہر شادی شدہ جوڑا اس کا اہل نہیں ہوتا” ثانیہ سعید

0
177
"اولاد ایک بڑی ذمہ داری ہے، ہر شادی شدہ جوڑا اس کا اہل نہیں ہوتا" ثانیہ سعید

پاکستان کی معروف اور سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے حالیہ انٹرویو میں والدین بننے کے فیصلے کو ایک سنجیدہ اور ذمہ دارانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شادی شدہ جوڑا اولاد کی ذمہ داری اٹھانے کے قابل نہیں ہوتا، اور اس حوالے سے ذہنی تیاری اور شعور انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کراچی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ذہنی صحت کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا، حالانکہ بہت سے مسائل کی جڑ یہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان والدین خصوصاً مائیں زچگی کے بعد ڈپریشن کا شکار ہوتی ہیں اور اکثر انہیں اس کا ادراک بھی نہیں ہوتا، جس کے نتیجے میں بچوں کی ذہنی اور جذباتی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔

ثانیہ سعید نے خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرتی دباؤ یا غلط فہمیاں جیسے کہ “بچے سے رشتے بہتر ہو جائیں گے”، خطرناک نتائج پیدا کرسکتی ہیں۔ ان کے مطابق جب تک ایک جوڑا ذہنی طور پر ایک دوسرے کو سمجھ نہ لے اور بالغ نظری کے ساتھ والدین بننے کا فیصلہ نہ کرے، تب تک انہیں اولاد کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ “ہم کسی پر زبردستی ذمہ داری نہیں ڈال سکتے۔ جو لوگ خود اپنے مسائل کا سامنا کرنے کے قابل نہیں ہوتے، وہ بچوں کی پرورش کی ذمہ داری نہیں نبھا سکتے۔”

یاد رہے کہ حالیہ دنوں کراچی میں دو افسوسناک واقعات پیش آئے جن میں ایک باپ نے اپنے دو بچوں کے ساتھ سمندر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی، جبکہ دوسرے واقعے میں ایک ماں نے اپنے بچوں کو قتل کر دیا۔ ان واقعات نے معاشرے میں ذہنی صحت اور والدین کی تربیت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

Leave a reply