
انسٹا گرام ایک ایسے نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین خود کو کسی دوسرے فرد کی کلوز فرینڈز فہرست سے ہٹانے کا اختیار حاصل کر سکیں گے۔
میٹا کی جانب سے اس فیچر کی تیاری کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم کمپنی کے مطابق یہ فی الحال ابتدائی مرحلے میں ہے اور ابھی صارفین کے لیے اس کی آزمائش کا آغاز نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ انسٹا گرام کا کلوز فرینڈز فیچر صارفین کو یہ سہولت دیتا ہے کہ وہ اپنی اسٹوریز، ریلز اور پوسٹس صرف منتخب افراد کے ساتھ شیئر کریں۔ یہ سہولت 2018 میں متعارف کرائی گئی تھی، مگر اب تک صارفین کے پاس یہ اختیار موجود نہیں کہ وہ خود کو کسی اور کی کلوز فرینڈز لسٹ سے نکال سکیں۔
اس ممکنہ فیچر کی نشاندہی سب سے پہلے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے صارف الیسنڈرو پلوزی نے کی، جو میٹا کی ایپس میں آنے والی نئی تبدیلیوں پر نظر رکھنے کے لیے مشہور ہیں۔
شیئر کیے گئے اسکرین شاٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر کوئی صارف کلوز فرینڈز لسٹ چھوڑنے کا انتخاب کرتا ہے تو اسے ایک انتباہ دکھایا جائے گا، جس میں بتایا جائے گا کہ وہ اس وقت تک مخصوص مواد نہیں دیکھ سکے گا جب تک دوبارہ فہرست میں شامل نہ کیا جائے۔
اگرچہ کچھ افراد کو یہ بات ناگوار گزر سکتی ہے کہ کوئی ان کی تیار کردہ فہرست سے خود کو الگ کر لے، لیکن ایسے صارفین کے لیے یہ فیچر خاصا فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے جو کسی محدود فہرست کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی نوعیت کی سہولت پہلے ہی اسنیپ چیٹ میں دستیاب ہے، اور اب میٹا انسٹا گرام میں بھی اسے شامل کرنے پر غور کر رہا ہے۔
چونکہ فیچر ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ کب تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔









