
ہاٹ لائن نیوز : 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کی مہم کا آج آخری دن ہے، انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنے کے لیے اصل شناختی کارڈ لازمی ہے، میعاد ختم ہونے والے شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جا سکتا ہے۔
بلوچستان میں حساس پولنگ بوتھ پر انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے امیدواروں کو غیر ضروری عوامی اجتماعات نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 8 فروری 2024 کے انتخابات کے لیے چھپائے گئے تقریباً 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ملازمین نے اپنی محنت اور منظم منصوبہ بندی سے اس اہم ذمہ داری کو محدود وقت میں پورا کیا۔ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل زمینی اور ہوائی دونوں طریقوں سے مکمل کیا گیا۔ تمام بیلٹ پیپرز، سرکاری پریس آرگنائزیشنز سے متعلق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ان کے نمائندوں کے حوالے کر دیے گئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق خراب موسم کے باعث اس عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم تمام چیلنجز کے باوجود کمیشن نے بروقت کام مکمل کیا تاکہ تمام ووٹرز ملک کے انتخابات میں بہترین اور منظم انداز میں حصہ لے سکیں۔ .









