
گریمی ایوارڈ یافتہ امریکی گلوکار اور نغمہ نگار بریٹ جیمز ایک افسوسناک طیارہ حادثے میں اپنی اہلیہ اور بیٹی سمیت جان کی بازی ہار گئے۔
ذرائع کے مطابق یہ حادثہ 18 ستمبر کو پیش آیا جب بریٹ جیمز اپنی نجی پرواز کے ذریعے نیش ول سے روانہ ہوئے۔ طیارہ شمالی کیرولائنا کے علاقے فرینکلن میں ایک اسکول کے قریب کھیت میں گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں موجود تمام تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ خوش قسمتی سے زمین پر کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والا طیارہ بریٹ جیمز کے نام پر رجسٹرڈ تھا، تاہم حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
57 سالہ بریٹ جیمز نے 1990 کی دہائی میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا۔ اگرچہ وہ ایک سولو البم کے ذریعے منظرعام پر آئے، لیکن ان کی اصل پہچان نغمہ نگار کے طور پر بنی۔ انہوں نے درجنوں مشہور گلوکاروں کے لیے نغمے تحریر کیے اور کئی مشہور گیتوں کی دھنوں میں آواز کا جادو بکھیرا۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں دو مرتبہ گریمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔