امریکی نائب صدرغزہ جنگ بندی معاہدہ بچانےکےلیےاسرائیل روانہ

0
72
امریکی نائب صدرغزہ جنگ بندی معاہدہ بچانےکےلیےاسرائیل روانہ

غزہ میں جاری کشیدگی کے دوران جنگ بندی معاہدے کو بچانے کی سفارتی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ امریکی نائب صدر جی ڈے وینس، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشرق وسطیٰ کے خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر، اور ایلچی اسٹیو وٹکوف اہم ملاقاتوں کے لیے اسرائیل روانہ ہو گئے ہیں۔

اس دورے کا مقصد حالیہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنا ہے۔ جیرڈ کشنر نے روانگی سے قبل ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی تنظیم حماس نے معاہدے کے تحت اپنے وعدوں پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، اور توقع ہے کہ جنگ بندی مکمل طور پر کامیاب ہوگی۔ اُن کا کہنا تھا کہ فریقین اس معاہدے کی ناکامی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

دوسری جانب، حماس کے وفد نے بھی خلیل الحیہ کی قیادت میں جنگ بندی سے متعلق مشاورت کے لیے قاہرہ میں مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔

ادھر اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جنگ بندی معاہدے پر دوبارہ عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت پر آیا ہے جب حالیہ فضائی حملوں میں متعدد فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق جنگ بندی کے باوجود غزہ پر جاری حملوں میں 10 اکتوبر کے بعد سے اب تک 98 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ صرف گزشتہ روز 45 افراد جاں بحق ہوئے۔

ماہرین کے مطابق موجودہ حالات میں عالمی برادری کی کوششیں اہمیت اختیار کر چکی ہیں، اور کسی بھی فریق کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتی ہے۔

Leave a reply