امریکہ: ویزا کی مدت محدود کرنے کی نئی تجویز زیر غور

واشنگٹن – امریکی حکومت نے غیر ملکیوں کے لیے مختلف اقسام کے ویزوں کی مدت محدود کرنے کی تجویز دی ہے، جس کا مقصد امیگریشن قوانین کو مؤثر بنانا اور ویزا کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام ہے۔
نئی پالیسی کے تحت غیر ملکی طلبہ اور صحافیوں کے ویزوں کی مدت مقرر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل، 1978 سے جاری ایف ویزا کی بنیاد پر غیر ملکی طلبہ کو امریکا میں غیر معینہ مدت تک قیام کی اجازت حاصل تھی۔
حکام کے مطابق، مجوزہ قانون منظور ہونے کی صورت میں غیر ملکی طلبہ کا قیام ان کے تعلیمی پروگرام کی مدت تک محدود ہو جائے گا، اور وہ زیادہ سے زیادہ چار سال تک قیام کر سکیں گے۔
اسی طرح غیر ملکی صحافیوں کو ابتدائی طور پر 240 دن کے قیام کی اجازت ہوگی، تاہم ان کا قیام اسائنمنٹ کی مدت کے لحاظ سے بڑھایا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ، تمام غیر ملکی طلبہ اور میڈیا نمائندگان کو وقتاً فوقتاً نگرانی اور جانچ پڑتال کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد امیگریشن نظام کو بہتر بنانا اور امریکی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔









