امریکا کا غزہ کی تعمیر نو کے لیے ’’نیو غزہ‘‘ منصوبہ پیش

0
53
امریکا کا غزہ کی تعمیر نو کے لیے ’’نیو غزہ‘‘ منصوبہ پیش

امریکا نے غزہ کے لیے امن منصوبے کے بعد تعمیرِ نو کا ایک نیا خاکہ بھی پیش کر دیا ہے جسے ’’نیو غزہ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ پیس بورڈ کے اعلان کے بعد ان کے داماد اور سابق مشیر جیرڈ کشنر نے عالمی اقتصادی فورم میں غزہ کی بحالی اور تعمیرِ نو سے متعلق منصوبہ پیش کیا۔ کشنر کے مطابق دو سالہ جنگ کے دوران بھاری مقدار میں اسلحے کے استعمال کے نتیجے میں ہزاروں افراد جان سے گئے جبکہ کروڑوں ٹن ملبہ جمع ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیرِ نو کا عمل شروع کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت غزہ کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ابتدا رفح کے علاقے سے کی جائے گی، جہاں مزدوروں کے لیے عارضی رہائش کا انتظام ہوگا۔ ملبہ ہٹانے کا کام بعض علاقوں میں شروع ہو چکا ہے، جس کے بعد نئے غزہ کی بنیاد رکھی جائے گی، جہاں صنعتوں اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔
کشنر نے ایک پریزنٹیشن کے ذریعے ’’نیو غزہ‘‘ کا ماسٹر پلان بھی پیش کیا جس میں رہائشی علاقوں، ڈیٹا سینٹرز اور صنعتی زونز کی نشاندہی کی گئی۔ اس منصوبے میں بحیرہ روم کے ساحل کے ساتھ جدید طرز کی بلند عمارتیں دکھائی گئی ہیں، جو دبئی اور سنگاپور جیسے شہروں سے مشابہ ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ چند ہفتوں میں واشنگٹن میں ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی، جہاں نجی شعبے کی جانب سے مالی تعاون اور عطیات کے اعلانات متوقع ہیں۔
تاہم غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اس منصوبے میں کئی بنیادی سوالات کا جواب موجود نہیں، جن میں جائیداد کے حقوق، متاثرہ فلسطینیوں کے لیے معاوضہ، اور تعمیرِ نو کے دوران بے گھر ہونے والے افراد کی عارضی رہائش جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔

Leave a reply