امریکا کا بھارت پر ٹیرف کم کرنے سے انکار: ٹرمپ کا مودی حکومت کو دوٹوک پیغام

0
134
امریکا کا بھارت پر ٹیرف کم کرنے سے انکار: ٹرمپ کا مودی حکومت کو دوٹوک پیغام

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ اُن کی انتظامیہ کا بھارت پر عائد ٹیرف میں کمی کا کوئی ارادہ نہیں۔ اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بھارت کی تجارتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی اور کہا کہ بھارت نے طویل عرصے تک امریکا کے ساتھ یکطرفہ تجارتی رویہ اختیار کیے رکھا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا نے بھارت پر کبھی زیادہ ٹیرف عائد نہیں کیے، لیکن بھارت نے امریکی مصنوعات پر دنیا کے بلند ترین محصولات لگا رکھے تھے، جس کے باعث امریکی صنعت کاروں کو نقصان اٹھانا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی موٹر سائیکل ساز کمپنی ہارلے ڈیوڈسن اس پالیسی سے شدید متاثر ہوئی، کیونکہ بھارت میں اس پر 200 فیصد ٹیرف عائد تھا۔ اس مجبوری کے تحت کمپنی کو بھارت میں پلانٹ لگانا پڑا تاکہ وہ بھاری محصولات سے بچ سکے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی پالیسیوں کی بدولت اب دنیا بھر کی کمپنیاں امریکا میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، جن میں چین، میکسیکو اور کینیڈا کی کمپنیاں شامل ہیں۔ ان کمپنیوں کی امریکا میں پیداوار سے نہ صرف مقامی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا تھا کہ بھارت نے محصولات صفر کرنے کی پیشکش کی ہے، لیکن ان کے مطابق اب بہت دیر ہو چکی ہے اور یہ پیشکش برسوں پہلے آنا چاہیے تھی۔

Leave a reply