
لاس اینجلس: ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ مارگوٹ رابی حال ہی میں فلم Wuthering Heights کی ورلڈ پریمیئر میں شریک ہوئیں، جہاں ان کے گلے میں لٹکا ایک نایاب اور قیمتی ہار سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ اس ہار کی قیمت تقریباً 8.8 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 73 کروڑ روپے) ہے۔
مارگوٹ رابی نے اس ہار کو محبت اور تاریخ کی علامت قرار دیا اور بتایا کہ اس کا تعلق دنیا کے عجائبات میں شمار ہونے والے تاج محل سے ہے۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اس تاریخی ہیرے کی اصل پہچان واضح کی کہ یہ ہار دراصل مغل بادشاہ جہانگیر کی بیوی نور جہاں کے لیے تحفہ تھا۔
تاریخی دستاویزات کے مطابق، اس ہار پر فارسی میں نور جہاں کا نام اور “Love is Everlasting” کا نقش موجود ہے۔ بعد میں یہ ہار شاہجہاں کے پاس آیا اور انہوں نے اسے اپنی محبوبہ ممتاز محل کو پیش کیا۔ برصغیر پر برطانوی قبضے کے دوران یہ ہار یورپ پہنچا اور 1970 کی دہائی میں فرانسیسی جواہرات کی مشہور کمپنی کارٹیر نے اسے خریدا۔
کارٹیر نے اس ہار کو جدید انداز میں دوبارہ ڈیزائن کیا، جس میں جیڈ، روبیز اور ہیرے شامل کیے گئے لیکن روایتی حسن برقرار رکھا گیا۔ بعد ازاں یہ ہار برطانوی اداکار رچرڈ برٹن نے اپنی اہلیہ ایلزبتھ ٹیلر کو تحفے میں دیا۔
ایلزبتھ ٹیلر کی وفات کے بعد، ہار کو کرِسٹیز کی نیلامی میں پیش کیا گیا جہاں اسے 8.8 ملین ڈالر میں فروخت کیا گیا، لیکن بعد میں یہ دوبارہ ایلزبتھ ٹیلر کے اسٹیٹ میں واپس آ گیا۔ آج یہ نایاب ہار خصوصی مواقع اور فلمی پریمیئرز میں پہنا جاتا ہے، اور حال ہی میں مارگوٹ رابی نے اسے عوامی محفل میں دکھایا۔









