’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ کے اداکار وشال برہما منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار

0
61

چنئی: بالی وڈ فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 میں معاون کردار ادا کرنے والے اداکار وشال برہما کو مبینہ طور پر کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ وشال برہما 28 ستمبر کو سنگاپور سے چنئی پہنچے تھے، جہاں ایئر انٹیلیجنس یونٹ نے معمول کی چیکنگ کے دوران ان کے سامان کی تلاشی لی۔ تفتیش کے دوران ان کے ٹرالی بیگ کے نیچے چھپایا گیا ایک خفیہ خانہ برآمد ہوا، جس میں ساڑھے 3 کلوگرام کوکین موجود تھی۔ رپورٹ کے مطابق کوکین کی مالیت تقریباً 40 کروڑ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس نے اداکار کو فوری طور پر گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی بیانات میں وشال نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے ایک بین الاقوامی گروہ نے دھوکے سے استعمال کیا۔ ان کے مطابق وہ حال ہی میں کمبوڈیا سے چھٹیاں گزار کر واپس آ رہے تھے اور واپسی پر پیسوں کے عوض ایک بیگ لانے پر راضی ہوئے، جس میں مبینہ طور پر منشیات چھپائی گئی تھی۔

پولیس اس کیس کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اداکار واقعی دھوکے کا شکار ہوا یا خود اس اسمگلنگ میں ملوث تھا۔

یاد رہے کہ وشال برہما 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 میں ایک سائیڈ رول میں نظر آئے تھے۔

Leave a reply