اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ: پی ٹی اے چیئرمین حفیظ الرحمان عہدے پر بحال

0
129

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو عہدے سے ہٹانے کا جسٹس بابر ستار کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔

عدالت کا دو رکنی بینچ، جس میں جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس شامل ہیں، نے چیئرمین پی ٹی اے کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔ اس دوران چیئرمین پی ٹی اے کے وکیل قاسم ودود عدالت میں پیش ہوئے۔

پی ٹی اے اور وفاقی حکومت نے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کی تھیں، جنہیں عدالت نے سننا شروع کیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر حکام بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

پی ٹی اے کے وکیل سلمان منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست میں جو مطالبہ نہیں کیا گیا، عدالت نے وہ بھی فیصلہ دے دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین کو ہٹانے سے قبل ضروری تھا کہ اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیا جاتا، جو نہیں کیا گیا۔

سلمان منصور نے مزید کہا کہ عدالت نے اپنی رائے میں یہ بھی ذکر کیا تھا کہ تمام دلائل مکمل نہیں ہوئے تھے، لیکن پھر بھی فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا، حالانکہ اعتراضات پر مزید دلائل باقی تھے۔

جسٹس محمد آصف نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کافی وقت دیا گیا تھا۔

آخرکار، عدالت نے تمام دلائل کے بعد جسٹس بابر ستار کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو عہدے پر بحال کر دیا۔

Leave a reply