اسلام آباد کے قریب نیا کے پی ہاؤس تعمیر کرنے کا منصوبہ منظور

0
193
اسلام آباد کے قریب نیا کے پی ہاؤس تعمیر کرنے کا منصوبہ منظور

خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے قریب ضلع ہری پور کے علاقے مکھنیال میں نئے کے پی ہاؤس کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا ہے۔ منصوبے کا مقصد صوبائی حکومت کے سرکاری مہمانوں، افسران اور دیگر متعلقہ امور کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق، یہ منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 میں شامل کیا گیا ہے، جس کی مجموعی لاگت 500 ملین روپے رکھی گئی ہے۔ رواں مالی سال کے دوران ابتدائی طور پر 250 ملین روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق، مجوزہ کے پی ہاؤس اسلام آباد سے تقریباً 20 منٹ کی مسافت پر واقع ہوگا۔ منصوبے کے لیے ڈپٹی کمشنر ہری پور کو سرکاری زمین کی نشاندہی کا ٹاسک دیا گیا ہے جبکہ چیف انجینئر، سیکرٹری کمشنر ہزارہ ڈویژن اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ابتدائی نوٹیفکیشن 3 ستمبر 2025 کو جاری کیا گیا، اور فی الوقت منصوبہ زمین کی نشاندہی اور دیگر کاغذی کارروائی کے مرحلے میں ہے۔ حتمی ڈیزائن اور ٹھیکیدار کے انتخاب کے بعد تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔

Leave a reply