اسلام آباد پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام، خودکش حملہ آور اور سہولت کار گرفتار

0
407
اسلام آباد پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام، خودکش حملہ آور اور سہولت کار گرفتار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو یومِ دفاع سے قبل دہشتگردی کے ایک بڑے حملے سے بچا لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سول انٹیلی جنس ایجنسی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان ایک حساس تنصیب کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے کا منصوبہ ایک شدت پسند گروہ نے تیار کیا تھا، جس کی قیادت ماضی میں نور ولی محسود کے پاس تھی۔ حملے کی عملی ذمہ داری بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو دی گئی تھی، جو پہلے اسلام آباد کے ہوٹلوں میں ملازمت کرتا رہا، اور بعد میں شدت پسند گروپ میں شامل ہو کر جڑواں شہروں میں کمانڈر کے طور پر سرگرم ہوا۔

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار خودکش حملہ آور افغان شہری ہے، جو کابل میں مزدوری کرتا تھا اور بعد میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسلک ہو گیا۔ دونوں افراد نے افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں قائم ‘الفاروق فدائی کیمپ’ سے تربیت حاصل کی، جہاں ان کا انسٹرکٹر جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والا ایک شدت پسند کمانڈر تھا۔

کمانڈر نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے حساس مقامات کی ریکی کی، اور جون میں افغانستان جا کر حملے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی گئی۔ سکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔

Leave a reply