
اسلام آباد میں پمز اسپتال میں پہلی بار روبوٹک سرجری کامیابی سے انجام دی گئی۔ اس جدید سرجری میں ٹومائے سرجیکل روبوٹ استعمال کیا گیا، اور برطانیہ کے بین الاقوامی ماہرین نے بھی اس میں حصہ لیا۔
سرجری کی نگرانی پمز کے پروفیسر شمیم خان، پروفیسر متین شریف اور ڈاکٹر جاوید برکی نے کی جبکہ پمز کے ماہرین ڈاکٹر عاطف انعام شامی، ڈاکٹر برہان الحق اور ڈاکٹر خالد سعید نے بھی حصہ لیا۔
پمز کے ڈائریکٹر روبوٹک سرجری، ڈاکٹر متین شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ روبوٹک سرجری سے پیچیدہ آپریشنز زیادہ محفوظ اور مؤثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹومائے روبوٹ چین میں تیار کیا گیا ہے اور منصوبہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو پاکستان کے دیگر اسپتالوں میں بھی متعارف کرایا جائے۔
ڈاکٹر متین نے مزید کہا کہ حکومت اس اقدام کی حمایت کر رہی ہے اور پہلی کامیاب سرجری ایک خاتون مریضہ پر کی گئی، جس کی صحتیابی تیز رفتاری سے متوقع ہے۔









