اسلامی نظریاتی کونسل نے صدقۂ فطر اور فدیے کا نصاب جاری کر دیا

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے رواں برس کے لیے صدقۂ فطر اور فدیۂ صوم کی نئی رقوم کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کم از کم صدقۂ فطر فی کس 300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
نصاب کے مطابق اگر صدقۂ فطر یا فدیہ جو کے حساب سے ادا کیا جائے تو اس کی رقم 1100 روپے بنتی ہے، جبکہ کھجور کے حساب سے یہ رقم 1600 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح کشمش کے حساب سے 3800 روپے اور منقیٰ کے حساب سے 5400 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ آٹے کے حساب سے صدقۂ فطر اور فدیہ کی کم از کم رقم 200 روپے رکھی گئی ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق اگر کوئی شخص پورے 30 روزوں کا فدیہ ادا کرنا چاہے تو گندم کے حساب سے یہ رقم 9 ہزار روپے بنتی ہے۔ جو کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 33 ہزار روپے، کھجور کے حساب سے 48 ہزار روپے جبکہ کشمش کے حساب سے فدیہ کی مجموعی رقم ایک لاکھ 14 ہزار روپے ہے۔
اسی طرح منقیٰ کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ ایک لاکھ 62 ہزار روپے جبکہ آٹے کے حساب سے یہ رقم 6 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے وضاحت کی کہ صدقۂ فطر ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر فرض ہے، چاہے وہ مرد ہو، عورت ہو یا بچہ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کوئی شخص جان بوجھ کر روزہ توڑ دے تو اس کا کفارہ مسلسل 60 روزے رکھنا یا 60 مستحق افراد کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے









