
سنگاپور: بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والے مشہور گلوکار اور موسیقار زوبین گارگ کی موت سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئیں ہیں۔ ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ان کی موت اسکوبا ڈائیونگ کے دوران ہوئی، لیکن تازہ معلومات کے مطابق یہ واقعہ سنگاپور کے جزیرے لازارس کے قریب تیراکی کرتے ہوئے پیش آیا۔
عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران حکام نے بتایا کہ زوبین اس وقت نشے میں تھے۔ متعدد گواہوں کے مطابق وہ کشتی کی طرف واپس تیرنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن اچانک بے ہوش ہو گئے اور پانی میں پیٹ کے بل تیرنے لگے۔ فوری طور پر انہیں ریسکیو کر کے سی پی آر دی گئی، مگر بعد ازاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
حکام کے مطابق زوبین کو ہائی بلڈ پریشر اور مرگی کی تاریخ رہی ہے اور ان کا آخری دورہ 2024 میں ہوا تھا۔ سنگاپور پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ان کی موت میں کسی قسم کی سازش یا جرم کا عمل شامل نہیں تھا۔








