اسرائیل کو معافی مانگنے پر مجبور کیا، خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے: رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل کو معافی مانگنے پر مجبور کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قطر پر حملہ اسرائیل کی منافقت کی انتہا ہے، جبکہ بعض مسلم رہنما اسرائیلی مظالم پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی سیاست ملکی مفادات سے متصادم ہے، اور خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کا تعلق ماضی کی پالیسیوں سے ہے۔
سعودی عرب سے دفاعی تعاون پر بات کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان رشتہ صرف سفارتی نہیں بلکہ جذباتی ہے، اور پاکستانی عوام حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
ایٹمی پروگرام پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی اثاثہ ملکی دفاع اور عوامی فلاح کے لیے ہے، اور یہی مضبوط خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔
پنجاب میں حالیہ سیلاب کے تناظر میں وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسانوں کے لیے جلد ایک جامع پیکج متعارف کروایا جائے گا تاکہ گندم کی پیداوار میں بہتری لائی جا سکے۔