ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو وارننگ

ہاٹ لائن نیوز : الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی 31 دسمبر تک اپنی اہلیہ اور زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرائیں، یکم جنوری تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے نام شائع کر دیں گے۔
الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ مالی سال 2022-23 کے لیے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر ہے۔ اراکین اپنے شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرائیں۔ .
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یکم جنوری تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے نام شائع کر دیے جائیں گے، 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق رپورٹس میں کسی بھی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے والے رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔









