اداکارہ تارا محمود نے والد کے سیاسی پس منظر کو خفیہ رکھنے کی وجہ بتادی

0
304
اداکارہ تارا محمود نے والد کے سیاسی پس منظر کو خفیہ رکھنے کی وجہ بتادی

کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ تارا محمود نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھتے وقت اپنے والد، سابق وزیر تعلیم شفقت محمود، کے سیاسی پس منظر کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیوں کیا تھا۔

تارا محمود نے بتایا کہ جب انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا اور کراچی منتقل ہوئیں، تو ان کے والد نے مشورہ دیا کہ ان کی شناخت کو راز میں رکھنا بہتر ہوگا کیونکہ سکیورٹی کے اعتبار سے یہ زیادہ محفوظ فیصلہ تھا۔ ان کے بقول، “میرے قریبی دوستوں کو معلوم تھا، لیکن انڈسٹری میں کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ میرے والد کون ہیں۔”

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی والد کے اثر و رسوخ کا فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی، اور خود اپنی محنت سے پہچان بنائی۔

ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے تارا نے بتایا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ہدایتکار دانش نواز نے مذاق میں کہا کہ “سیاسی خاندان سے ہونے کے باوجود تم خود گاڑی چلا کر سیٹ پر آتی ہو، اور سکیورٹی کے بغیر؟”

تارا محمود نے بتایا کہ جب ان کی والد کے ساتھ تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں تو وہ قدرے خوفزدہ ہو گئی تھیں کیونکہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ لوگوں کی توجہ ان کی ذاتی زندگی پر مرکوز ہو۔

انہوں نے والد کے بطور وزیر تعلیم دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 کے دوران تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ بچوں کی حفاظت کے لیے کیا گیا، جس پر ان کے والد کو سراہا بھی گیا، تاہم بعد میں اسکولز کھولنے پر تنقید اور دھمکیاں بھی ملیں۔

تارا کا کہنا تھا کہ اکثر طلبہ ان سے سوشل میڈیا پر رابطہ کر کے تعلیمی معاملات پر شکایات کرتے، لیکن وہ ان پیغامات کا کچھ نہیں کر سکتی تھیں کیونکہ ان کا کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ تارا محمود کے والد شفقت محمود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم رہ چکے ہیں۔

Leave a reply