اب شہد کی مکھیاں بھی عدالت جا سکیں گی، دنیا حیران!

جنوبی امریکی ملک پیرو میں ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک منفرد اور تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے، جہاں بغیر ڈنک والی شہد کی مکھیوں کو قانونی حقوق دے دیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت یہ حشرات زندہ رہنے، افزائش نسل اور آلودگی سے محفوظ ماحول میں رہنے کے حقوق کی حامل ہوں گی۔
پیرو کے دو علاقوں ستیپو اور ناؤتا کی مقامی حکومتوں نے ایمازون کے جنگلات میں پائی جانے والی اسٹنگ لیس مکھیوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اعلامیہ منظور کیا ہے۔ اس قانون کا بنیادی مقصد ان مکھیوں کی تیزی سے کم ہوتی آبادی کو بچانا اور جنگلات کے قدرتی نظام میں ان کے کردار کو محفوظ بنانا ہے۔
ماہرین کے مطابق دنیا میں بغیر ڈنک والی شہد کی مکھیوں کی 600 سے زائد اقسام موجود ہیں، جن میں سے 175 سے زیادہ پیرو کے برساتی جنگلات میں پائی جاتی ہیں۔ یہ چھوٹی مکھیاں پودوں کی افزائش اور قدرتی ماحول کے توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
نئے قانون کے تحت ان مکھیوں کو بقا، افزائش نسل اور صاف ستھرا ماحول حاصل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے قدرتی مسکن کو نقصان پہنچنے کی صورت میں قانونی کارروائی بھی کی جا سکے گی، جبکہ متعلقہ تنظیمیں عدالتوں میں ان کی نمائندگی کر سکیں گی۔
اس اقدام میں ماحولیاتی ماہرین، سائنس دانوں اور مقامی اشانینکا قبائل نے اہم کردار ادا کیا۔ اس مہم کی نمایاں شخصیات میں کیمیکل بایولوجسٹ روزا واسکیز ایسپینوزا بھی شامل ہیں، جنہوں نے تحقیق کے دوران نشاندہی کی کہ مقامی شہد کی مکھیوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے واضح قوانین موجود نہیں تھے۔
ان مکھیوں کو عام طور پر بغیر ڈنک والی مکھیاں کہا جاتا ہے، تاہم حقیقت میں ان کے ڈنک موجود ہوتے ہیں لیکن غیر فعال ہونے کی وجہ سے یہ انسانوں کو ڈنک نہیں مار سکتیں۔ یہ اپنے چھتوں کی حفاظت کے لیے کاٹنے اور بھنبھناہٹ جیسے طریقے اختیار کرتی ہیں۔
اس قانون سے مقامی آبادی کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے کیونکہ اشانینکا قبائل خوراک اور روایتی علاج کے لیے ان مکھیوں کے شہد اور دیگر قدرتی وسائل پر انحصار کرتے ہیں۔
حکام نے قانون کی منظوری کے بعد تحفظِ مکھی کے حوالے سے آگاہی ورکشاپس، تعلیمی سرگرمیوں اور مقامی سطح پر شہد کی تجارت کے فروغ کے اقدامات بھی شروع کر دیے ہیں۔
پیرو کے دیگر علاقوں میں بھی اس قانونی ماڈل کو اپنانے میں دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے، جبکہ مختلف ممالک کی ماحولیاتی تنظیمیں بھی اسے اپنے ہاں نافذ کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔
ماہرین کے نزدیک یہ فیصلہ اس بات کی اہم مثال ہے کہ قدرتی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے قانون سازی میں انسانوں کے ساتھ دیگر جانداروں کے حقوق کو بھی اہمیت دی جا سکتی ہے۔









