
بین الاقوامی مالیاتی تجزیاتی ادارے کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جن کے دیوالیہ ہونے کے امکانات میں گزشتہ 15 ماہ کے دوران نمایاں کمی آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی معاشی کارکردگی دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں دوسرے نمبر پر رہی ہے، جہاں صرف ترکی نے اس سے بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔
جون 2024 سے ستمبر 2025 کے دوران پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے امکانات میں 2200 پوائنٹس کی بہتری دیکھی گئی ہے، جو کہ معیشت میں استحکام اور حکومتی اقدامات کی کامیابی کی عکاسی کرتی ہے۔
تجزیے میں بتایا گیا ہے کہ جہاں پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، وہیں جنوبی افریقہ، ایل سلواڈور جیسے ممالک میں بہتری محدود رہی ہے، جبکہ مصر، نائیجیریا اور ارجنٹائن میں مالیاتی خطرات مزید بڑھے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ بہتری پاکستان کی مالی پالیسیوں، اصلاحاتی اقدامات اور بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کی کامیاب حکمت عملی کا نتیجہ ہے، جو مستقبل میں معیشت کو مزید مستحکم بنا سکتی ہے۔