آیا صوفیہ کے نیچے 1600 سال پرانا زیرِ زمین سرنگوں کا نظام دریافت

0
19
آیا صوفیہ کے نیچے 1600 سال پرانا زیرِ زمین سرنگوں کا نظام دریافت

استنبول: ترکیہ کے شہر استنبول میں تاریخی مسجد آیا صوفیہ کے نیچے موجود قدیم زیرِ زمین سرنگوں کے نظام کی صفائی کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جہاں تقریباً 3 ہزار ٹن ملبہ ہٹانے کے بعد صدیوں سے پوشیدہ راستوں تک رسائی ممکن ہوگئی ہے۔

آثارِ قدیمہ کے ماہرین نے فروری 2025 میں ان سرنگوں کی کھدائی اور صفائی کا کام شروع کیا تھا۔ اس عمل کے نتیجے میں تاریخی عمارت کے ایسے حصے سامنے آئے ہیں جو طویل عرصے سے مٹی اور ملبے کے نیچے دبے ہوئے تھے۔

ماہرِ آثارِ قدیمہ حسن فرات دیکر نے 16 اکتوبر کو استنبول میں ایک پریزنٹیشن کے دوران بتایا کہ یہ زیرِ زمین سرنگیں تقریباً 1600 سال قدیم ہیں اور ان کی تعمیر رومی دور میں کی گئی تھی۔

ان کے مطابق قدیم زمانے میں یہ سرنگیں پانی کی فراہمی اور نکاسیِ آب کے لیے استعمال ہوتی تھیں، جبکہ بعض راستے زیرِ زمین محفوظ گزرگاہوں کا کام بھی انجام دیتے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس زیرِ زمین نظام کے کچھ حصے موجودہ آیا صوفیہ کی تعمیر سے بھی پہلے کے ہیں۔ تاریخی طور پر موجودہ آیا صوفیہ 537 عیسوی میں بازنطینی شہنشاہ جسٹینین اوّل کے عہد میں مکمل ہوئی تھی۔

اگرچہ محققین کو کئی دہائیوں سے ان زیرِ زمین راستوں کی موجودگی کا علم تھا، تاہم ملبے اور دیگر رکاوٹوں کے باعث ان کے بیشتر حصوں تک رسائی ممکن نہیں تھی۔

حالیہ صفائی اور کھدائی کے بعد ماہرین کو اس قدیم نظام کا زیادہ تفصیلی مطالعہ کرنے کا موقع ملا ہے۔

ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے مطابق یہ پیش رفت رومی اور بازنطینی تہذیبوں کے شہری انفراسٹرکچر، پانی کی ترسیل کے نظام اور قدیم تعمیراتی صلاحیتوں کو سمجھنے میں اہم ثابت ہوسکتی ہے۔

Leave a reply