
ہاٹ لائن نیوز : کراچی سے لاہور جانے والے نجی طیارے کی لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کاک پٹ میں فائر الارم بجنے پر پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کیمطابق کپتان نے لاہور کے قریب شام 7 بج کر 15 منٹ پر کارگو کمپارٹمنٹ میں دھواں اٹھنے کی اطلاع دی اور ’مے ڈے‘ کی کال دی تاہم پرواز 7 بج کر 23 منٹ پر بحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر اتر گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ اتھارٹی کا فائر ڈیپارٹمنٹ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موقع پر موجود تھا اور طیارے کے ہنگامی انخلاء کے نظام کے ذریعے تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل ٹیم نے طیارے کا معائنہ کیا ہے تاہم الارم بجنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔ فائر ڈپارٹمنٹ نے شام 7 بج کر 57 منٹ پر طیارے کو کلیئر قرار دیا۔








