آپریشن سومنات: قومی فخر کی روشن علامت

0
138

یومِ بحریہ کے موقع پر قوم پاکستان نیوی کے ان جانباز افسروں، جوانوں اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے جنہوں نے سمندری سرحدوں کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے اس دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ بحریہ نہ صرف ایک تاریخی دن ہے بلکہ یہ قومی عزم، حب الوطنی اور دفاع وطن کے جذبے کی تجدید کا دن بھی ہے۔ اُنہوں نے 1965 کی جنگ کے دوران کیے گئے آپریشن سومنات کو ایک یادگار معرکہ قرار دیا، جس میں پاک بحریہ نے بھارتی بندرگاہ دوارکا پر کامیاب حملہ کر کے دشمن کے مواصلاتی نظام کو مفلوج کر دیا تھا۔

وزیراعظم کے مطابق، یہ تاریخی کامیابی آج بھی نوجوانوں کے حوصلے بلند کرتی ہے اور بحری دفاع کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ ملک کی سمندری حدود کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور بحیرہ عرب میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں بھی اس کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ مزید برآں، نیوی بلیو اکانومی، بندرگاہوں کی ترقی، اور سمندری وسائل کے تحفظ کے لیے بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے پاک بحریہ کو ملک کا فخر اور تابناک مستقبل کی معمار قرار دیتے ہوئے، ماضی و حال کے تمام بحری ہیروز کو سلام پیش کیا۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان، افواجِ پاکستان اور پاک بحریہ کو ترقی، خوشحالی اور کامیابی سے نوازے۔

Leave a reply