آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مظہر سعید شاہ مستعفی

مظفرآباد – آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مظہر سعید شاہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان مظفرآباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
مظہر سعید شاہ نے کہا کہ وہ “ناگزیر وجوہات” کی بنا پر وزارت سے الگ ہو رہے ہیں، اور انہوں نے میڈیا نمائندوں اور وزارت اطلاعات کے عملے کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریوں کو قومی مفاد اور عوامی ترجیحات کے مطابق نبھایا۔ مظہر شاہ نے “آپریشن بنیان مرصوص” سمیت مختلف معاملات میں کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہر موقع پر سرخرو کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے 45 ممالک میں کشمیر کے ساتھ ساتھ غزہ کا مقدمہ بھی پیش کیا، تاکہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جا سکے۔
مظہر سعید شاہ کا استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سیاسی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔