آراو کمار کا شوبز کے بجائے فیشن ڈیزائننگ کو کیریئر بنانے کا فیصلہ

0
7
آراو کمار کا شوبز کے بجائے فیشن ڈیزائننگ کو کیریئر بنانے کا فیصلہ

بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے اپنے بیٹے آراو کمار کے بارے میں دلچسپ معلومات شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسٹار کڈ ہونے کے باوجود فلمی دنیا کے بجائے اپنی الگ راہ پر چلنا چاہتے ہیں۔
اکشے کمار کے مطابق 23 سالہ آراو نے شوبز میں قدم رکھنے کے بجائے فیشن کے شعبے کو اپنا مستقبل بنایا ہے اور وہ اس مقصد کے لیے مسلسل محنت کر رہے ہیں۔ اداکار نے بتایا کہ آراو نے کم عمری میں ہی خود مختاری اختیار کر لی تھی اور صرف 15 سال کی عمر میں تعلیم کے لیے لندن منتقل ہو گئے تھے۔
اکشے کمار نے یہ بھی بتایا کہ ان کا بیٹا سادہ طرزِ زندگی کو ترجیح دیتا ہے، وہ اپنے روزمرہ کے کام خود کرتا ہے، جس میں کھانا پکانا اور گھر کی دیکھ بھال شامل ہے۔ ان کے مطابق آراو شہرت اور لائم لائٹ سے دور رہ کر اپنی محنت پر یقین رکھتے ہیں۔
اداکار نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آراو نے اپنی محنت سے آمدنی بھی شروع کر دی ہے اور وہ کسی شارٹ کٹ کے بجائے سیکھنے اور تجربے پر توجہ دے رہے ہیں۔ آراو فیشن اسٹڈیز کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں کا سفر بھی کرتے ہیں تاکہ مقامی دستکاری، روایتی کپڑوں اور ڈیزائن کے رجحانات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
مزید بتایا گیا کہ آراو مارشل آرٹس میں بھی مہارت رکھتے ہیں اور انہوں نے جوڈو اور کوڈو میں بلیک بیلٹ حاصل کر رکھی ہے۔
دوسری جانب اکشے کمار اپنی نئی فلم کی کامیابی سے خوش ہیں، جس نے ریلیز کے پہلے دن اچھا بزنس کیا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ مشہور فلم سیریز کے اگلے حصے پر فی الحال کام شروع نہیں ہو رہا اور اس حوالے سے مزید فیصلے ہونا باقی ہیں۔

Leave a reply